اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ جموں و کشمیر کو بھارت کے لئے سب سے بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے ریاست کشمیر کے وزیاعلیٰ مفتی محمد سعید نے واضح کیا کہ قیام امن کے مشن میں وہ ”چھوٹے شور و غوغا“ سے خوفزدہ نہیں ہونگے، ظاہری طور کشمیری پنڈتوں کیلئے علیحدہ بستیوں کے قیام کے منصوبہ پر پیدا ہوئے تنازعہ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا ”چھوٹے چھوٹے شور و غوغا مجھے ریاست میں قیام امن کے مشن سے نہیں روک پائیں گے اور نہ ہی میں خوفزہ ہوں گا بلکہ اس مقصد کیلئے میں تمام متعلقین چاہئے وہ مین سٹریم میں ہوں یا اس سے باہر، کو اعتماد میں لوں گا“۔ اتوار کو قانون ساز کونسل کے چیئرمیں اور نائب چیئرمین کا انتخاب عمل میں لانے کے بعد تقریر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر ملک کو کسی چیلنج کا سامنا ہے تو وہ جموں و کشمیر میں امن و امان کی بحالی اور بی جے پی کو بھی اس کا احساس ہوچکا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ”میرا کہنا ہے کہ اگر بھارت کو کسی کسی جگہ چیلنج کا سامنا ہے تو یہ جموں و کشمیر میں ہے، بی جے پی بھی یہ بات سمجھ چکی ہے کہ میرا نظریہ صرف حکومت چلانا نہیں اور انہیں بھی اس چیلنج کا احساس ہوچکا ہے“۔ ان کا کہنا تھا ”میرا نظریہ حکومت کے معاملات چلانے تک ہی محدود نہیں ہے بلکہ میں ایک وسیع منظر نامے پر کام کرکے ریاست کو سیاسی غیر یقینیت سے باہر نکال کر ایک موثر اور جوابدہ انتظامیہ فراہم کرنا چاہتا ہوں جو زمینی سطح پر لوگوں کے ساتھ جڑی رہے“۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲